ایف بی آر نے 100 سے زائد پارلیمنٹیرینز کو نیشنل ٹیکس نمبر جاری کر دیئے گوشوارے 7 فروری تک جمع کرانے کی ہدایت

لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قومی اسمبلی‘ سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ایسے ارکان کو  نیشنل ٹیکس نمبر جاری کئے جن کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر نہیں تھے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ان ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 فروری تک اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں بصورت دیگر 15 فروری کو جاری کی جانے والی ٹیکس ڈائریکٹری میں نان فائلر (Nan Filer) ظاہر کیا جائے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نشاندہی کی ہے کہ 100 سے زائد پارلیمنٹیرینز کو نیشنل ٹیکس   نمبر جاری کئے گئے جن میں پنجاب اسمبلی کے 39 ارکان‘ خیبر پی کے اسمبلی کے 23 ارکان‘ بلوچستان اسمبلی کے 9 ارکان اور سندھ کے 8 ارکان شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو ہدایت کی تھی کہ وہ پارلیمنٹیرینز کو نیشنل ٹیکس نمبر جاری کرنے کو یقینی بنائے۔ پہلے مرحلے پر  پارلیمنٹیرینز کی ٹیکس تفصیلات کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے پر تمام ٹیکس دہندگان کی ٹیکس تفصیلات کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پنجاب اسمبلی کے ایسے 100 سے زائد اراکین اسمبلی جنہوں نے نیشنل ٹیکس نمبر ہونے کے باوجود ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے‘ ان کو بھی 7 فروری تک ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان اراکین اسمبلی کو ٹیکس گوشواروں میں معاونت کیلئے پنجاب اسمبلی میں ٹیکس آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔