افضل حیدر کو دھمکی آمیز خط موصول

لاہور (نامہ نگار) تھانہ نصیر آباد پولیس نے شریعت کورٹ کے سابق جج جسٹس افضل حیدر کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کا خط ملنے پر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بتا یا گیا ہے کہ گلبرگ میں رہائش پذیر شریعت کورٹ کے سابق جج جسٹس افضل حیدر کو جان سے مارنے سمیت دیگر دھمکیوں پر مبنی خط موصول ہوا جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی اور ان کی رہائش گاہ پر نفری تعینات کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کو چند ماہ پہلے بھی دھمکیاں موصول ہوتی تھیں جن پر وہ امریکہ چلے گئے تھے جبکہ ان کے ایک بھتیجے ڈاکٹر علی حیدر اور اس کے کمسن بیٹے کو چند ماہ قبل ایف سی کالج پل پر سکول جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔