آصف زرداری کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے: منظور وٹو

آصف زرداری کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے: منظور وٹو

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں پارٹی زیادہ فعال اور متحرک نظر آئے گی کیونکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے بلدیاتی انتخابات جلد سے جلد کروایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، ، راجہ عامر خان، عابد حسین صدیقی، ندیم اشرف چن، خرم لطیف کھوسہ، تسنیم احمد قریشی، نواب شیر وسیر، راجہ عمران اشرف اور منظور احمد مانیکا کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف مردانگی کا ثبوت دیتے ہوئے عدلیہ کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم عدالتوں سے بھگانے والوں میں سے نہیں بلکہ اپنی بے گناہی ثابت کرینگے۔