یوحنا آباد کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں: اعجاز چودھری

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کی نومنتخب ایم پی اے شنیلاروت کے اعزاز میں یوحناآباد کے پادری وسیم اللہ کھوکھر اور ان کی ٹیم کی طرف سے استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، استقبالیہ تقریب سے صدر پنجاب اعجاز احمد چوہدری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد، این اے 129 کے امیدوار چوہدری منشاءسندھو اور مینارٹی سیٹ پر نومنتخب ایم پی اے شنیلاروت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوحنا آباد کی آبادی ایشیاءکی سب سے بڑی مسیحی آبادی پر مشتمل ہے لیکن بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ یوحناآباد میں نہ حکومت پنجاب کا کوئی سکول ہے اور نہ صحت کے بنیادی یونٹ ہیں۔ یوحنا آباد کی ڈیڑھ لاکھ کی آبادی میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ سیوریج کا سسٹم انتہائی ناقص، سڑکیں، گلیاں ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ یوحنا آباد کی عوام ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دے گی۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ سے اقلیتوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ شنیلاروت نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے مسیح اپنے آپ کو غیرمحفوظ سمجھتے ہیں اور انکے حقوق حکمرانوں نے سلب کررکھے ہیں۔ تحریک انصاف اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور وہ دن دور نہیں جب اقلیتوں کے مسائل حل ہوں گے۔استقبالیہ تقریب میں معززین علاقہ، کونسلرز اور مسیح بہن بھائیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔