ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام جاری، 50ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہو گی: برجیس طاہر

ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام جاری، 50ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہو گی: برجیس طاہر

لاہور (پ ر) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری برجیس طاہر نے کہا ہماری حکومت سات نکاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس میں ملک سے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ، کرپشن، مہنگائی کا خاتمہ، تعلیم و غیرنصابی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کے لئے روزگار فراہم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے شاہ کوٹ کے نواحی چک 38ر۔ب نظام پورہ دیوا سنگھ میں ان کے اعزاز میں منعقدہ افطار پارٹی میں ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا میرے یہاں آنے کا مقصد اپنے لوگوں سے رابطہ بڑھانا ہے۔ میں یہاں سے پانچ مرتبہ کامیاب ہوا ہوں اور یہ علاقہ پاکستان مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر و گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور یہاں پر کرپشن کے خاتمہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے جس سے 50ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہو گی۔ اسی طرح آزاد کشمیر میں 8ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ لوڈ شیڈنگ کی لعنت کا خاتمہ ہو گا بے روزگاری ختم ہو گی لوگوں کو روزگار ملے گا اور کاروباری لوگوں کا اعتماد بحال ہو گا۔ انہوں نے کہا اپنے دیہاتوں کو دوسرے ترقی یافتہ دیہاتوں کے برابر لانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔