چودھری سرور کامیاب گورنر ثابت ہونگے، معیشت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری آئیگی: حافظ امیر اعوان، طاہر بشیر چیمہ، سجاد حیدر شاہ

لاہور (خبرنگار) چودھری محمد سرور پنجاب کے کامیاب گورنر ثابت ہوں گے۔ ان کی بدولت پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی اور معیشت بہتر ہوگی۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) یورپ کے کوارڈی نیٹر حافظ امیر علی اعوان، رکن قومی اسمبلی طاہر بشیر چیمہ اور سید سجاد حیدر شاہ نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ حافظ امیر اعوان نے کہا کہ چودھری محمد سرور کے گورنر پنجاب بننے سے سرمایہ کاری آئیگی۔ وہ لاکھوں بچے جو سکولوں میں نہیں جا رہے انکے سکول جانے کی راہ ہموار ہوگی۔ طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ چودھری محمد سرور کا برطانیہ کی پاکستانی کمیونٹی سے گہرا تعلق اور رابطہ ہے۔ اوورسیز پاکستانی ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ چودھری محمد سرور کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری آئیگی۔ سید سجاد حیدر نے کہا کہ چودھری محمد سرور ہر کام میرٹ پر کرتے ہیں اور بڑے چھوٹے، امیر، غریب میں تمیز نہیں کرتے۔ سب کو برابری کی بنیاد پر دیکھتے ہیں۔