پی پی 161 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی مہم پولیس گاڑیوں میں چلائی جا رہی ہے: تحریک انصاف

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری شبیر سیال، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ندیم قادر بھنڈر، ساﺅتھ ریجن کے صدر نور خان بھابھہ اور پی پی 161 کے نامزد امیدوار چوہدری حامد محمود گجر نے کہا ہے کہ پی پی 161 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم پولیس گاڑیوں میں چلائی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے پہلے حکومت پنجاب نے پری پول ریگنگ کی انتہا کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس بات کا فوری نوٹس لے تحریک انصاف نے پی پی 161 میں پری پول ریگنگ کی شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کروا دی ہیں۔ وہ پارٹی آفس میں پی پی 161 کا جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں طاہر یاسین، کاشف اسماعیل، خواجہ اعجاز، لطیف جٹ، آفتاب شاہ، فضہ ذیشان، ثوبیہ کمال، زبیر نیازی، وقار خان، اصغر خان، شیراز چیمہ، اعظم بھٹی دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ضمنی الیکشن میں زبردست پوزیشن ہے انشاءاللہ ہم عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریںگے۔