پنجاب : حساس جیلوں کیلئے رینجرز‘ محکمہ جیل خانہ جات کا مشترکہ سکیورٹی پلان

لاہور (خبر نگار+این این آئی+آئی این پی) صوبے کی حساس جیلوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے رینجرز‘ جیل پولیس اور پنجاب پولیس نے ہنگامی بنیادوں پر مشترکہ سروے کا فیصلہ کیا ہے۔ سفارشات کی روشنی میں جامع منصوبہ بندی کرکے سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ یہ فیصلہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل میاں ہلال حسین اور آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر اعوان کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ اس دوران صوبہ بھر میں جیلوں خصوصاً حساس قرار دی جانےوالی جیلوں کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی خان جیسے واقعات سے بچنے کےلئے بھی بات چیت کی گئی۔ ڈی آئی جی رینجرز نے یقین دہانی کرائی کہ جیلوں کی سکیورٹی کے لئے ہر ممکن تعاون کرینگے۔ ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ آئی جی جیل خانہ جات سے ملاقات کا مقصد صوبے کی جیلوںمیں سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا تھا۔ آئی جی جیل خانہ جات نے بہت مفید باتیں بتائی ہیں۔ حسا س جیلو ں کی سکیو رٹی فول پر وف بنانے کیلئے رینجرز‘ پنجاب پو لیس اور جیل پولیس ہنگامی بنیادوں پر سروے کریں گے ہفتوں نہیں بلکہ دنوں میں سامنے آنیوالی سفارشات کی روشنی میں جامع منصوبہ بندی کر کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جائیگی۔ آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر نے کہا ڈی جی رینجرز سے ملاقات میں انہیں حالات سے آگاہ کیا ہے جس پر انہوں نے ہر قسم کے تعاون کی مکمل یقین دہانی کر ائی ہے جس پر انکے شکر گزار ہیں۔ صوبہ بھر کی جیلوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی حساس جیلوں میں دہشت گردی سمیت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے رینجرز اور محکمہ جیل خانہ جات نے حکمت عملی تیار کر لی ہے اور جیلوں کی سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی ہے جیلوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی رینجرز کے ذریعے تربیت، دھمکیوں کی وجہ سے جیلوں کا سکیورٹی سروے کرانے اور جیلوں میں موبائل فون جیمرز بھی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں متفقہ طور پر فیصلہ کیاگیا کہ جیلوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے گا۔ حساس جیلوں میں رینجرز اہلکار تعینات کئے جائیںگے۔ میڈیا بریفنگ میں ڈی جی رینجرز پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر نے بتایا کہ رینجرز اور پولیس کے اہلکار تمام جیلوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیلئے فرائض سرانجام دیں گے۔ مستقبل میں بھی جیلوں کی سکیورٹی کے معاملات بہتر بنانے کیلئے جیلوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو رینجرز کے ذریعے تربیت دی جائیگی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل میاں محمد بلال حسین نے کہا کہ جیلوں کی سکیورٹی کو سخت ترین بنانے کیلئے وہاں موبائل جیمرز بھی لگائے جائیں گے تاکہ دہشت گرد کسی بھی صورت عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔