پاکستان کو مٹانے کا خواب دیکھنے والے خود مٹ جائینگے: قاری زوار بہادر

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ پاکستان انشاءاللہ قیامت تک قائم رہے گا اور اس کو توڑنے اور صفحہ ہستی سے مٹانے کا خواب دیکھنے والے خود نیست ونابود ہو جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے برصغیر کے مسلمانوں کو یہ وطن 27 رمضان المبارک کو عطاءفرمایا تھا۔انشاءاللہ اس کے دشمن ناکام ہوں گے اور یہ وطن دنیا کے نقشے پر ہمیشہ قائم رہے گا۔ بدقسمتی سے ملک کی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں رہی جو اس کی قدرو منزلت کو نہیں جانتے تھے۔ حکمرانوں نے اس کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر اس کو ایسا نوچہ کہ آج یہ جگہ جگہ سے زخم خوردہ ہے۔ اب ایک بار پھر یوم پاکستان 27 رمضان المبارک کا آخری عشرہ ساتھ ساتھ موجود ہیں اس موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم وطن عزیز کی عزت و ناموس ،اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں کسی قسم کا کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں لیٹرے، بے حسن اور مفاد پرست حکمرانوںسے نجات کی دعا بھی کریں۔