متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرانتظام چلنے والے تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر آج احتجاج کرینگے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرانتظام چلنے والے تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر آج احتجاج کرینگے۔ عید نزدیک آنے پر تمام ملازمین پریشانی میں مبتلا ہےں۔ ملازمین نے کہا ہے کہ انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں، رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ بھی گزرگیا لیکن کسی کو غریب ملازمین پر ترس نہیں آیا۔ بورڈ کے تحت ایجوکیشن فاونڈیشن کے پانچوں تعلیمی اداروں عائشہ ڈگری کالج، نوازشریف ہائی سکول نکلسن روڈ، بینظیر بھٹو ہائر سیکنڈری سکول صدیق پورہ، ٹرسٹ ماڈل ہائی سکول مولانا احمد علی روڈ اور متین فاطمہ ڈگری کالج شاہدرہ کے سٹاف نے چیف جسٹس، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر وسیکرٹری اقلیتی امور سے مطالبہ کیا ہے انہیں فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں۔