قرآن پاک پر عمل کرنے سے انسان اپنے تمام دکھوں کا مداوا کر سکتا ہے: صائمہ شبیر

لاہور (خبر نگار) الخدمت خواتین ٹرسٹ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے کہا ہے کہ قرآن انسانیت کو زندگی گزارنے کا طریقہ سکھاتا ہے۔ یہ وہ ضابطہ حیات ہے جس پر عمل درآمد سے انسان اپنے تمام دکھوں کا مداوا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرامت بستی میں الخدمت ٹرسٹ کے سنٹر میں دور قرآن کی تکمیل پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دورہ قرآن کی تکمیل پر خواتین میں اسناد اور تحائف تقسیم کرنے کے علاوہ الخدمت خواتین ٹرسٹ سے وابستہ 80 اساتذہ کو عیدی بھی دی گئی جبکہ بچوں میں ہزاروں روپے مالیت کے تحائف تقسیم کئے گئے۔ صائمہ شبیر نے کہا کہ الخدمت خواتین ٹرسٹ عید کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو بھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی امداد کے لئے لاکھوں روپے مالیت کی اشیاءپر مشتمل ٹرک روانہ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ اور غریب بہن بھائیوں اور بچوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔