عمران فضل الرحمن کیخلاف عدالت جا کر اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مارینگے: غفور حیدری

لاہور(آئی این پی) جمعیت علماءاسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمران خان مولانا فضل الرحمن کے خلاف عدالت میں جا کر اپنے پاﺅں پر کلہاڑی ماریں گے انہیں لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے کالے کرتوتوں کے حوالے سے خود اپنی کتاب میں بہت کچھ لکھ چکے ہیں اور اگر وہ عدالت میں جائیں گے تو عمران خان کو اپنی ان باتوں کا جواب بھی دینا پڑے گا اور پھر بہت سے رازوں سے پردہ فاش ہوجائیگا۔انہیں خود کو بچانا مشکل ہو جائے گا شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر نہیں مارنے چاہئیں، ہم نے عمران خان کے بارے میں جو کچھ کہا وہ عوامی عدالت میں کہا عمران خان بھی عدالتوں میں معاملے کو الجھانے کی بجائے عوامی عدالت میں ہمارا سامنا کریں فضل الرحمن کو جب نوٹس ملے گا تو ہم اس پر بھی اپنا موقف سامنے لائیں گے۔ عمران کی جانب سے یہودی ایجنٹ کہنے پر فضل الرحمن کے خلاف عدالت میں جانے پر ”آئی این پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی سنجیدہ سیاست نہیں کی وہ ہمیشہ بچگانہ حرکتیں کرتے ہیں۔
غفور حیدری