شہباز شریف جیسے لیڈر قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں: صدر چینی کمپنی یویانگ

لاہور (خبر نگار) چین کی توانائی سکیٹر کی معروف کمپنی زیڈ ٹی ای سولر چائنہ کے صدر یو یانگ نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ترقیاتی وژن اور توانائی بحران کے حل کیلئے سنجیدہ اورمخلصانہ کوششوں کی تعریف کی اور کہا شہباز شریف جیسے لیڈر قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ توانائی بحران کے حل کیلئے شہبازشریف جس عزم کے ساتھ اپنے شب و روز ایک کئے ہوئے ہیں وہ بلاشبہ انکے لازوال جذبے اور جہد مسلسل کا نہ صرف عکاس ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ان کی کاوشوں کی دلیل بھی ہے۔ مسٹر یویانگ نے کہا شہباز شریف ایک مثالی رہنماءہیں جنہوں نے صوبہ پنجاب میں ترقی، خوشحالی اور فلاح وبہبود کا نیا سفر شروع کیاہے اور میٹرو بس پراجیکٹ ایک ایسا عوامی منصوبہ ہے جو کہ انتہائی کم عرصہ میں تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچا، ہم خود حیران رہ گئے۔ زیڈ ٹی ای سولر چائنہ کے وفد کے دیگر ارکان نے بھی شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اوراس امید کا اظہار کیاکہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلی شہباز شریف جس عزم اور جذبے کیساتھ توانائی بحران کے حل کے کوشاں ہیں، بہت جلد پاکستان اس بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیگا۔