سیاستدان اداروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ان کا احترام کریں: وسیم اختر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ سیاستدان اداروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ان کا احترام کریں۔ پیپلز پارٹی کے سابقہ دور میں بھی اداروں کے درمیان تصادم کی فضا قائم رہی۔ اعلیٰ عدلیہ کی کردار کشی قابل قبول نہیں۔ سپریم کورٹ نے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لئے اہم اور قابل قدر کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے کسی مصلحت اور دباﺅکا شکار نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر خفیہ ادارے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے نظر نہیں آ رہے۔ لاپتہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہونا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ حکومت سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق لاپتہ افراد کے معاملے میں قانون سازی کرے۔