خاتون محتسب کا تقرر پنجاب حکومت کا اعزاز ہے: عطا محمد مانیکا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال عطا محمد مانیکا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کا سماجی مرتبہ بلند کرنے کے لئے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافی وسائل مختص کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر سماجی بھلائی سے منسلک این جی اوز کے 15رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ صوبہ میں پہلی مرتبہ خاتون محتسب کا تقرر کیا گیا ہے، اسی طرح بے آسرا خواتین کے لئے دارالامان اور صوبہ کی تمام تحصیلوں میں ورکنگ ویمن کے لئے ہوسٹلز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے طالبات کی مفت تعلیم کے لئے ووچر سکیم شروع کی ہے جبکہ تعلیمی پسماندگی کا شکار علاقوں میں طالبات کی تعلیم کے لئے تعلیمی ادارے کھولنے کے علاوہ تین سو دیہی یونین کونسلوں میں جہاں طالبات کے لئے ہائی سکول موجود نہیں وہاں پر موجودہ ایلیمنٹری سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ طالبات اپنے گھروں کے نزدیک تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔