حکمرانوں کی ترجیحات میں غریب آدمی کیلئے کوئی جگہ نہیں: سعدیہ سہیل رانا

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی طرح نواز حکومت نے بھی اقربا پروری شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کا موقف اصولی اور نظریاتی ہے جس کو پوری قوم نے سراہا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ڈرون حملے رکوائے اور نہ ہی دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کے لئے کوئی اقدامات کئے ہیں، بجلی اور پٹرولیم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، مہنگائی کے طوفان نے انسانی زندگیوں کو عذاب بنا دیا ہے۔ ان کی ترجیحات میں غریب آدمی کے لئے کوئی جگہ نظر نہیں آرہی، انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بدترین صورت حال نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔