اکثریت کی بنیاد پر پنجاب میں مرضی کا بلدیاتی نظام مسلط نہیں کرنے دینگے: فائزہ ملک

لاہور (خبر نگار) پیپلزپارٹی شعبہ خواتین لاہور کی صدر و رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو اکثریت کی بنیاد پر پنجاب میں مرضی کا بلدیاتی نظام مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی پیپلز پارٹی سخت احتجاج کرے گی۔ مسلم لیگ ن آج بھی ضیاءالحق کے مشن کو جاری رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز پارٹی خواتین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے فائزہ ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن اگر یہ سمجھتی ہے کہ وہ پنجاب میں اکثریت کی وجہ سے اپنی من مانی کے مطابق بلدیاتی نظام منظور کروانے اور پنجاب کے عوام پر مسلط کرنے میں کامیاب ہو جائے گی تو یہ اس کی بھول ہے کیونکہ ہم کسی بھی صورت ایسا نہیں ہونے دیں گے بلکہ پنجاب اسمبلی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور عوام کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔