این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نہیں ’’سٹیٹس کو‘‘ کو شکست دینگے: عمران
لاہور (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) لیگ کو نہیں، سٹیٹس کو شکست دیں گے۔ سٹیٹس کو ملک میں انصاف کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ این اے 122 کا ضمنی الیکشن پاکستان کیلئے بہت اہم ہے۔ چیلنج کرتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) مینار پاکستان پر پی ٹی آئی سے بڑا جلسہ کرکے دکھا دے۔ ہمسایہ ممالک سے دوستی پر یقین رکھتا ہوں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، خیبر پی کے کا احتساب سیل مکمل طور پر آزاد ہے۔ ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں پنجاب میں منصوبے کے تحت دھاندلی کی گئی۔ الیکشن کمشن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ملا ہوا تھا۔ لاہور کے عوام سمن آباد کے جلسے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کیلئے نکلیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) جیت گئی تو کہا جائیگا کہ ہم نے دھاندلی نہیں کی تھی۔ 30اکتوبر 2011ء کے بعد اصل پاکستان تحریک انصاف بنی، میں نے اپنے مقصد تک پہچنے کیلئے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں 980 ارب کی کرپشن کی نشاندہی کی مگر کرپشن کرنیوالوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ خیبر پی کے کا احتساب سیل مکمل طور پر آزاد ہے۔ سوا دو سال کی کے پی کے کی حکومت کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا اور اب کے پی کے کی پولیس مکمل طور پر سیاست سے پاک ہے۔ نواز شریف کا بیٹا 7 سو کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے، اتنا پیسہ کہاں سے آیا۔ ہم برسر اقتدار آنے کے بعد امن اور انصاف کا نظام لائیں گے جس میں عوام کو انصاف ملے گا۔