پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر تک کرا دینگے:رانا ثنا

لاہور (خصوصی رپورٹر)  پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اس سال دسمبر کے پہلے ہفتے7دسمبر یا 14دسمبرکو کرادیئے جائیں گے۔ یہ بات صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے رحیم یار خان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔  انہوںنے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا عمل شروع کر دیا گیا  اور 10دن کے اندر نئی حلقہ بندیاں آویزاں کر دی جائیں گی اور 7دن کے اندر اعتراضات طلب کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 30اکتوبر سے 4نومبر تک نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ دریں اثناء  انہوں نے  مون لائٹ سکول لاہور میں سیمینار سے  خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ یوتھ پالیسی جاری کرکے وزیراعظم نواز شریف نے مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ دی  روزگار سکیموں کے اعلان سے نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مون لائٹ سکول میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مون لائٹ  سکول کے چیئرمین ادیب جاودانی نے کہا سکیمیں لائق تحسین  ہیں۔ سیمینار سے کاشف ادیب نے بھی خطاب کیا۔