محکمہ بلدیات کے گریڈ ایک سے 15 تک کے ملازمین کی مستقلی کا اختیار ڈی سی اوز کو دیدیا گیا

 لاہور (سید شعیب الدین سے) محکمہ بلدیات نے ڈی سی اوز اور ٹی ایم اوز کو گریڈ ایک سے 15 کے ملازمین کی نوکری مستقل کرنے کا ”اختیار“ دے دیا جن کو ضلعی انتظامیہ اور ٹاﺅن انتظامیہ نے پنجاب لوکل کونسل سرونٹ سروس رولز کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی کیا تھا۔ البتہ وہ ملازمین جو ٹی ایم اے کیڈر رولز 2005 کے تحت بھرتی ہوئے ان کے کیس کے لئے پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سامنے معاملہ رکھنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ریگولیشن ایس اینڈ جی اے ڈی تے تمام ضلعی حکومتوں اور ٹی ایم ایز کو چٹھی بھیجی تھی کہ گریڈ ایک سے 15 کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی کام کرے گی۔ ڈی سی اور ٹی ایم او ان کے ممبر ہوں گے جس پر ٹی ایم او عزیز بھٹی ٹاﺅن نے سیکرٹری بلدیات کو چٹھی بھیجی کہ ڈسٹرکٹ اور ٹاﺅن کے ملازمین سول سرونٹ ہیں ان کو کنٹریکٹ پر پنجاب لوکل کونسل سرونٹ سروس رولز 1997 کے تحت بھرتی کیا گیا ہے جس پر تسلیم کیا گیا کہ ڈی سی اوز اور ٹی ایم اوز کے ہاتھوں بھرتی ہونے والے وہ کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کا اختیار ڈی سی او اور ٹی ایم او کے پاس ہے۔