سیکرٹری خزانہ کا 10 سراغ رساں کتوں کی خریداری کے لئے فنڈز دینے سے انکار

سیکرٹری خزانہ کا 10 سراغ رساں کتوں کی خریداری کے لئے فنڈز دینے سے انکار

لاہور (معین اظہر سے) وی وی آئی پی سکیورٹی کے لئے آئی جی پنجاب کی طرف سے 10 سراغ رساں کتوں کی خریداری کے لئے سیکرٹری خزانہ نے ہوم سیکرٹری پنجاب سے پوچھے بغیر فنڈز دینے سے انکار کر دیا۔ آئی جی پنجاب نے 4 لاکھ پچاس ہزار روپے فی کتے کی خریداری کےلئے 45 لاکھ روپے مانگے تھے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب خان بیگ نے کتوں کی خریداری کے لئے جو کیس سیکرٹری خزانہ کو بھجوایا اس میں کہا تھا کہ موجودہ دہشت گردی کی شدید لہر کی وجہ سے ضروری ہے کہ انٹیلی جنس اور انفارمیشن صلاحیت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے۔ اسلحہ اور بارودی مواد کی نشاندہی کے لئے سراغ رساں کتے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پولیس کو ہر سال دس سراغ رساں کتے خریدنے کی اجازت دی جائے۔ سیکرٹری خزانہ نے اس کی منظوری دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے آئی جی پنجاب کی تجاویز پر لکھا کہ پہلے بھی کہا گیا تھا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب سے اس بارے میں رائے لی جائے اس لئے آئی جی پنجاب براہ راست سمری بھجوانے کے بجائے ہوم سیکرٹری کی رائے کے ساتھ اس سمری کو بھجوائیں۔ سمری ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے آئی جی پنجاب کے پریشر پر ہوم سیکرٹری کو کہا کہ وہ فائل کو وزیر اعلیٰ پنجاب کو جلد بھجوا دیں۔
سراغ رساں کتے