گستاخانہ خاکوں کیخلاف مسلم حکمرانوں کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے: جماعت اہلسنت

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیر اہتمام امریکہ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف ’’ یوم تحفظ ناموس رسالت ‘‘ منایا گیا اس سلسلہ میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ناموس رسالت ؐ کے موضوع پر کانفرنسیں ، سیمینارز اور مذاکرے منعقد کئے گئے ۔ اس موقع پر گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف لاہور ، کراچی ، ملتان ،راولپنڈی ، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں تحفظ ناموس رسالت ؐ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف آواز نہ اٹھا کر مجرمانہ غفلت کی ہے۔ناموس رسالتؐ کی پاسبانی ایمان کا لازمی تقاضا ہے۔مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مقدس شخصیات کی توہین کو سنگین ترین جرم قرار دے۔