سعودی عرب نے حوثی باغیوں کیخلاف بروقت کارروائی کی: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے رشتے بہت گہرے اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہیں، ان میں دراڑیں ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ دشمنان اسلام مسلمانوں کے روحانی مرکز کے گرد گھیرا تنگ کرنا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف بروقت کارروائی کی۔ برادر اسلامی ملک کا امریکہ کی بجائے پاکستان سے مدد طلب کرنا اعزاز کی بات ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام تحفظ حرمین شریفین سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ سیمینار سے مولانا سیف اللہ خالد، عبدالرشید ترابی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہا کہ صلیبی و یہودی سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے۔ حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔ جماعۃ الدعوۃ ملک بھر میں تحفظ حرمین شریفین کانفرنسوں کے ذریعے رائے عامہ ہموار کررہی ہے اور لوگوں کو دشمنان اسلام کی سازشوں سے آگاہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالم اسلام کا دفاعی مرکز اور ایٹمی قوت ہے۔ وزیراعظم نواز شریف عالم اسلام کے لیڈر کے طور پر خود کو پیش کریں اور مسلم ممالک کو ساتھ ملاکر سرزمین حرمین شریفین کے دفاع کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔ مسلمانوں میں باہمی اختلافات پروان چڑھا کر فسادات کروانا امریکہ اور مغرب کی سازش ہے۔ اتحادیوں نے جس طرح افغانستان کو بیس بناکر پاکستان کو میدان جنگ بنایا، اسی طرح یمن کو بیس بناکر سعودی عرب پر یلغار کی جارہی ہے۔ مولانا سیف اللہ خالد اور عبدالرشید ترابی نے کہا کہ صلیبیوں اور یہودیوں کی سازشیں ناکام بنانے کے لئے مسلمان ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔