حکمران لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں: ثروت قادری
لاہور (سپیشل رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکمران عوامی مسائل کے حل بالخصوص بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئے کو کم کرنے کےلئے ہنگامی اقدامات کریں، ملک کو فلاحی ریاست بناکر ہی غربت کو ختم کیا جا سکتا ہے، قائداعظم کے خواب پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کےلئے عملی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، کراچی کو امن کا گہوارہ بناکر ہی معیشت کو مضبوط اور بے روزگاری کی لعنت ختم کی جا سکتی ہے، ضرب عضب آپریشن کی کامیابی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ کالعدم تنظیموں کی نقل وحمل پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر آئے ہوئے مستحقین میں راشن کارڈ تقسیم کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ غریبوں کو ان کا حق دینے اور غربت کے خاتمے کےلئے زکوٰة کے نظام کو درست کرنا ہو گا، زکوٰةکا پیسہ غریبوں تک پہنچنے کی بجائے کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے، ملک کو آگے لے جانے کےلئے غریبوں کا حق دیانتداری سے ادا کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک خدمت سب کےلئے سلوگن کے ساتھ عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔