پاکستان کو سکیورٹی مسائل اور سرحد پار جارحیت کا سامنا ہے: ڈی جی رینجرز پنجاب
لاہور(خبر نگار)ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا ہے کہ سرحد پار سے جارحیت کے بھرپور مقابلے ، دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔پاکستان رینجرز پنجاب کی پاسنگ آوٹ تقریب رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ہوئی ،ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،انسداد دہشت گردی فورس کے 23ویں دستے کے 120 نوجوانوں نے پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کی ،اس موقع پرتربیت یافتہ نوجوانوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں پر قابو پانے کے حوالے سے مختلف فارمیشنز کے عملی مظاہرے کیئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا کہ وطن عزیز کو سکیورٹی مسائل اور سرحد پار سے جارحیت کا سامنا ہے۔ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کے مقابلے اور وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پرعزم ہیں ،دہشت گردی پر قابو پانے کیلیے رینجرز کا کلیدی کردار ہے۔رینجرز کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوانوں کو دہشت گردی پر قابو پانے کیلیے بہترین حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے ٹریننگ حاصل کرنے والے جوانوں کی مشقوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن پر قابو پانے کیلئے فورس اہم کردار ادا کرے گی۔