وزیر اعلیٰ پنجاب نے برطرف پارٹی عہدیداروں کی جگہ نئے لانے کی سفارشات نواز شریف کو بھجوا دیں
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداروں کو برطرف کرنے کے حتمی فیصلوں کے ساتھ ساتھ ان کی جگہ نئے عہدیداران لانے کیلئے سفارشات مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کو بھجوا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد مسلم لیگ ن پنجاب کی جانب سے خالی عہدوں کو پُر کرنے والے نئے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائیگا۔ سابق وزیر اعلیٰ اور ضلع مسلم لیگ ن ڈیرہ غازی خان کے ضلعی صدر سردار دوست محمد خان کھوسہ کی ان کے عہدے سے برطرفی کی گئی ہے جبکہ ان کی جگہ حافظ عبدالکریم ایم این اے کو ضلعی صدر نامزد کئے جانے کا امکان ہے جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری مرزا خان تالپور اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ ضلع لیہ کے صدر عابد انور علی اور جنرل سیکرٹری بشارت رندھاوا کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان کی جگہ ضلعی صدر لیہ کیلئے ملک احمد علی اولکھ اور جنرل سیکرٹری کے لئے مہر اعجاز اچلانہ اور ثقلین بخاری ایم این اے کے نام زیر غور ہیں۔ بہاولپور کے ضلعی صدر ممتاز احمد ججہ ڈینگی کی وجہ سے وفات پا گئے تھے ان کی جگہ ان کے صاحبزادے خالد ججہ ایم پی اے کو ضلعی صدر بہاولپور بنانے کی تجویز ہے۔ بہاولنگر کے ضلعی صدر ڈاکٹر اختر علی لالیکا الیکشن 2008ء کے وقت مسلم لیگ ن چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے تھے ان کی جگہ رانا عبدالروف ایم پی اے کو ضلعی صدر بنانے کا امکان ہے۔ منڈی بہاؤالدین کے ضلعی صدر دیوان مشتاق کو 2013ء میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے پر ضلعی صدر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا تاہم قیادت نے ان کی مشرف آمریت میں پارٹی خدمات کو سامنے رکھتے ہوئے ان کا قصور معاف کرتے ہوئے ان کی صاحبزادی کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب کروایا۔ ان کی بجائے شفقت محمود گوندل ایم این اے کو ضلعی صدر منڈی بہائوالدین بنائے جانے کی تجویز ہے۔ سرگودھا کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید جاوید حسنین شاہ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا جس پر ان کی جگہ شفقت حیات بلوچ ایم این اے کو ضلعی جنرل سیکرٹری بنایا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن ضلع فیصل آباد کا صدر میاں فاروق ایم این اے اور جنرل سیکرٹری آزاد علی تبسم ایم پی اے کو بنایا جا رہا ہے۔ ضلع جھنگ میں خالد غنی ایم پی اے کو صدر بنایا جا رہا ہے۔