حکومت پنجاب کا سفاری زو لاہور میں نائٹ شفٹ شروع کرنے پر غور
لاہور (چودھری اشرف) حکومت پنجاب نے لاہور کے شہریوں کو تفریح کا بہترین موقع فراہم کرنے کے لیے سفاری زو لاہور میں نائٹ شفٹ کے آغاز پر بھی غور شروع کر دیا ہے اس سلسلہ میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے حکام کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ تمام اقدامات کو بروکار لائے۔ سفاری زو کے ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے مستقبل میں لاہور کے شہریوں کو رات کے اوقات میں بھی سفاری زو میں جانوروں اور پرندوں کے ساتھ وقت گذارنے کا موقع ملے گا۔ ڈھائی سو ایکٹر پر محیط سفاری زو لاہور میں نئے جانوروں اور پرندوں کے لیے پنجرے اور گھر بنائے جا رہے ہیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں سفاری زو کے ترقیاتی کام مکمل کر لیے جائیں گے جن میں زرافہ ہاوس، ہاتھی گھر، بندر ہاوس شامل ہیں۔ سفاری زو لاہور کی انتظامیہ کو نائٹ شفٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پی سی ون تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس میں سفاری زو میں لائٹس کے ساتھ سیکورٹی کو فول پروف بنانا بھی شامل ہے۔ سفاری زو میں جانوروں اور پرندوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف نسلوں کے جانور اور پرندے بھی خریدے جا رہے ہیں۔ 30 جون 2015ء کو ختم ہونے والے سال میں سفاری زو لاہور کو سیر کے لیے آنے والے افراد سے ریکارڈ آمدنی ہوئی ہے جو گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 40 لاکھ روپے زائد رہی ہے۔ ڈپٹی دائریکٹر سفاری زو ظفر احمد شاہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی کوشش سے اگر یہاں نائٹ شفٹ شروع ہو جاتی ہے تو اس سے ایسے لوگ جو دن کے اوقات میں اپنی دفتر اور کاروباری مصروفیات کی بنا پر تفریحی مقامات کے لیے وقت نہیں نکال سکتے ہیں انہیں اس نائٹ شفٹ سے فائدہ ہوگا۔