پی ٹی آئی کے پنجاب بھر میں مظاہروں میں 1890 لوگ تھے‘ سپیشل برانچ کی رپورٹ
لاہور (معین اظہر سے) حکومت پنجاب نے تحریک انصاف کے رہنمائوں اور ورکرز کے خلاف کریک ڈاون پورے پنجاب میں شروع کر دیا ہے گزشتہ روز پنجاب بھر سے تحریک انصاف کے 284 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سپیشل برانچ پنجاب کی رپورٹ جو وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی گئی ہے کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں 23 ریلیاں مظاہرے ہوئے جس میں زیادہ سے زیادہ 1890 افراد تھے، کسی بھی املاک کو نقصان نہیں پہنچا جبکہ نہ کوئی زخمی ہوا جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کے 284 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ لاہور 13، شیخوپورہ 8، قصور 14، ننکانہ صاحب 1، گوجرانوالہ 49، گجرات 82، نارووال 6، حافظ آباد 5، منڈی بہاؤالدین 40، اٹک 3، فیصل آباد 16، جھنگ دو، میانوالی 26، اوکاڑہ 5، بہاولپور 4، رحیم یار خان 4، مظفر گڑھ 6 اور ڈی جی خان میں 2 پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 2 ستمبر کو بھی شام 7 بجے تک تحریک انصاف کے مزید 106 کارکنوں کو گرفتار کرنے کی رپورٹ آچکی تھی تاہم ڈی جی خان، لیہ، فیصل آباد، خوشاب، سیالکوٹ، میں مستقل دھرنے دئیے جا رہے ہیں۔ سپیشل برانچ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان دھرنوں میں افراد کی تعداد انتہائی کم ہے۔ لاہور کے دھرنے میں 15 سے 20 افراد شامل تھے جبکہ قصور، شیخوپورہ میں 70 افراد نے جلوس نکالا۔ سیالکوٹ میں 35 افراد، حافظ آباد و یگر شہروں میں بھی 100 افراد سے زیادہ افراد نہیں تھے تاہم فیصل آباد میں سپیشل برانچ کے مطابق 1000 افراد تھے۔ واضح رہے کہ ورزاء تحریک انصاف کے لاہور کے دھرنے میں چار پانچ سو افراد کہتے ہیں، سپیشل برانچ کی رپورٹنگ کے معیار کا پتہ اس سے لگایا جا سکتا ہے۔