عسکری قیادت جمہوریت اور اس کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مخلص ہے: منظور احمد وٹو
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پاک فوج کے اس موقف کو سراہا ہے جس میں آئین اور جمہوریت کی بالادستی کا اعادہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکری قیادت جمہوریت اور اسکے تسلسل کو یقینی بنانے میں مخلص ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کروانا اشد ضروری ہے کیونکہ یہ اب قومی مطالبہ بن کر ابھر آیا ہے۔ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سپریم کورٹ سے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کرانا اس لیے بھی لازمی ہے تاکہ احتجاج کرنے والی پارٹیوں کو مطمئن کیا جا سکے۔ موجودہ سیاسی بحران بلاشبہ موجودہ حکومت کی مختلف واقعات کی مس ہینڈلنگ کا نتیجہ ہے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہونا چاہیے کہ قوم جمہوریت کی راہ پر گامزن نہ رہے۔