’’بعض لوگ سیاسی معاملات میں فوج کو ملوث کر کے اسے بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں‘‘
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ اور جے یو پی نورانی نے سنگین ملکی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ سیاسی تنازعات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے بعض لوگ سیاسی معاملات میں فوج کوملوث کر کے اسے بدنام کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے گزشتہ روز جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید سے ملاقات کی جس میں پیر محمد محفوظ مشہدی، عبدالرحمن مکی، امیر حمزہ اور شیخ محمد یعقوب بھی موجود تھے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کاسب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ بعض عناصر کی طرف سے پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی بحران سے فائدہ اٹھا کر بعض عناصر اس ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازشیں کر رہے ہیں اس کے سدباب کیلئے ملی یکجہتی کونسل نے حال ہی میں جو کردار ادا کیا ہے اس کو بھی تمام قائدین نے سراہا اور اپنے اس مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔