وزیراعظم کا فرمان اپنی جگہ مگر عدالتی فیصلے آنے تک پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا آخری مرحلہ منعقد ہونا ممکن نہیں: ذرائع
لاہور (خبر نگار) وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی طرف سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ رواںماہ میں کروانے کے بیان کے باوجود بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے آخری مرحلے کی تکمیل رواں ماہ میں ممکن نہیں ہو سکے گی۔ الیکشن کمشن اور محکمہ بلدیات پنجاب کے ذرائع کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ پنجاب ہائیکورٹ میں زیرسماعت مقدمے کا فیصلہ آنے کے بعد ہوگا۔ لاہور حکومت ہائیکورٹ‘ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد ہی لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئیگا جس کے بعد الیکشن کمشن بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کا آغاز کریگا۔