سبزہ زار: سسرالیوں کے گھر کو آگ لگا دی، بیوی، بیٹی، ساس، سالی سمیت زخمی
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ سبزہ زار کے علاقہ میں بیوی کے گھر نہ جانے پر شوہر نے سسرالیوں کے گھر کو آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے ملزم، اسکی بیوی، بیٹی، ساس اور سالی جھلس گئیں، پانچوں زخمیوں کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں ملزم اور اسکی ساس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگانے والا خود بھی جھلس گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اسلم کی چند سال قبل رضیہ سے شادی ہوئی تھی اور انکے 2 بیٹے اور 3 بیٹیاں ہیں۔ 4 ماہ قبل دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوگیا جس پر رضیہ اپنے میکے نیو ٹاون سبزہ زار آ گئی۔ گذشتہ روز رضیہ کا شوہر اسلم اپنے بھائی غلام رسول اور بہنوئی مختار کے ہمراہ بیوی بچوں کو منانے آیا تو بیوی نے ساتھ جانے سے انکار کردیا جس پر اسلم نے مشتعل ہو کر سسرالیوں کے گھر میں ہی اپنے پاس موجود پٹرول کی بوتل نکالی اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے اسلم، اسکی ساس زبیدہ، بیوی رضیہ، بیٹی ارم اور سالی نازیہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اسلم اور اسکی ساس زبیدہ کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ آگ لگنے سے گھر میں موجود قیمتی سامان بھی جل گیا۔ آگ لگتے ہی اسلم کا بھائی غلام رسول اور بہنوئی مختار موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم خود زخمی ہوگیا ہے۔ درخواست آنے پر بھرپور کارروائی کی جائیگی۔