دیامر بھاشا ڈیم کے ریزروائر کیلئے مطلوبہ زمین حاصل کر لی گئی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر اور اس کی خاطر زمین کے حصول سے متعلق اُمور کا جائزہ لینے کے لیے وزارتی کمیٹی کا اجلاس پیر وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید،وفاقی وزیر پلانگ احسن اقبال ، وفاقی وزیر برائے بین الاقوامی الصوبائی اُمور ریاض حسین پیر زادہ ،وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی یونس ڈھاگہ ،وفاقی سیکرٹری اُمورکشمیر عابد سعید،چیرمین واپڈا ظفرمحمود ،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان طاہر حسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارتی کمیٹی کو بریف کرتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرکے لیے مطلوبہ زمین کا زیادہ تر حصہ حاصل کر لیا ہے اور اس ضمن میں 46 ارب روپے اب تک انتہائی صاف و شفاف نظام کے تحت ادا کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے آگاہ کیا کہ بھاشا ڈیمReservior کی زمین مکمل طور پر حاصل کی جاچکی ہے اور اس کے علاوہ دیگرزمین کے حصول کا عمل بھی جلد شروع ہو جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے اس منصوبے سے متعلق تمام معاملات کا بغورجائزہ لے کر اس کے اوپر جلد پیش رفت کی جائے تاکہ ڈیم کی عملی تعمیر کا عمل جلد سے جلد شروع کیا جاسکے۔