’’ترقی یافتہ قوم بننے کیلئے نظریۂ پاکستان پر عمل کیا جائے‘‘

لاہور (خبرنگارخصوصی) وطن عزیز کو دشمنوں سے محفوظ رکھنے اور اسے دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لا کھڑا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نظریۂ پاکستان پر بھرپور انداز میں عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین مرزا نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے پاکستان آگہی پروگرام کے تحت ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظمؒ لاہور کے مطالعاتی دورہ پر آئی سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ہما بلاک فلیٹس علامہ اقبال ٹائون کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں طالبات نے تحریک پاکستان گیلری کا دورہ کیا۔ طالبات کو ملٹی میڈیا کے ذریعے قائداعظم محمد علی جناح کی1940ء سے لے کر1946 تک کی حیات و خدمات پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی پاکستان آگہی پروگرام کا موبائل نظریاتی تعلیمی یونٹ نمبر1 گورنمنٹ ہائی سکول ‘ ٹائون شپ‘ بی بلاک میں گیا۔ جہاں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر عبدالحفیظ اور قاری عبدالستار اور سینئر معلم زمان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یونٹ کے انچارج پروفیسر محمد سعید شیخ نے طلبہ کو دو قومی نظریے کے مفہوم سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ پاکستان آگہی موبائل نظریاتی تعلیمی یونٹ نمبر3 پروفیسر عبدالسلام کی قیادت میں سٹی ڈسٹرکٹ بوائز ماڈل سکول جیون ہانہ گارڈن ٹائون لاہور گیا۔ پروگرام کی صدارت ہیڈ ماسٹر ملک ظفر علی اعوان نے کی۔ انہوں نے کہا کہ نظریۂ پاکستان کی شکل میں ہمارے پاس ایک مکمل نصب العین موجود ہے۔ اب ہمارا فرض ہے کہ مملکت کو ہر قسم کی مصیبتوں سے نکال کر بلندیوں تک لے جائیں۔