امریکی صدر کا پاکستان کی حکومت کو کمزور کہنا افسوسناک ہے: چودھری اصغر

لاہور ( خبر نگار خصوصی) امریکی صدر کا پاکستانی حکومت کو کمزور کہنا افسوسناک ہے پیپلزپارٹی ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیگی۔ امریکہ نے آمروں کی حمایت کر کے جمہوریت کو کمزور کیا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی لاہور کے صدر چودھری محمد اصغر اور سیکرٹری اطلاعات عابد صدیقی نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یہ عزم ہے کہ ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ کیونکہ بھٹو شہید نے پاکستان کو آئین اور ایٹمی پروگرام دیا‘ غریب کو حقوق کی جنگ لڑنے کی جرات دی۔ عابد صدیقی نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی سوچ اپنائی جائے۔ پیپلز پارٹی کا یہ عزم ہے کہ ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی کیونکہ بھٹو شہید نے پاکستان کو آئین اور ایٹمی پروگرام دیا۔ اس موقع پر اکبر خان ‘ حاجی ملک امیر جان خان‘ میاں عارف پہلوان‘ سید حیات افروز‘ محمد اسلم‘ نثار بھٹی ‘محمد جمیل پہلوان‘ سید مظفر شاہ اور رانا رفاقت علی بھی موجود تھے۔