بنگلہ دیش کی پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو جوائنٹ وینچرز کی پیشکش
لاہور (کامرس رپورٹر)بنگلہ دیش نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو جوائنٹ وینچرز کی پیشکش کر دی جس کے تحت دونوں ملکوں کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ترقی دے کر برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پیر کو بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن سہراب حسین نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے لاہور دفتر کے موقع پر اپٹما کے چیئرمین ایس ایم تنویر سے ایک ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر اپٹما کے گروپ لیدر گوہر اعجاز سمیت اپٹما کے دیگر عہدیداران اور سینئر اراکین بھی موجود تھے۔بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری جدید بنیادوں پر استوار ہے اور یہاں بہترین کپاس پیدا ہوتی ہے جبکہ بنگلہ دیش کی بہترین گارمنٹس انڈسٹری اور ہنر مند افرادی قوت موجود ہے اگر دونوں ممالک ٹیکسٹائل سیکٹر میں مشترکہ منصوبے لگائیں تو نہ صرف دونوں ملکوں کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بھی بڑھ سکتی ہے ۔