”پنجاب کے تمام اضلاع کے بعد ریسکیو 1122کا آغاز تحصیلوں میں کیا جا رہا ہے“

”پنجاب کے تمام اضلاع کے بعد ریسکیو 1122کا آغاز تحصیلوں میں کیا جا رہا ہے“


لاہور (اپنے نمائندے سے) پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کی سترہویں پاسنگ آﺅٹ پریڈ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب کی 12تحصیلوں میں سروس کے قیام اور خیبر پی کے لئے تربیت پانے والے جوان شامل تھے۔ تربیت مکمل کرنے والے 600جوانوں میں سے 567کا تعلق پنجاب جبکہ33کا تعلق خیبر پی کے سے ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ تھے۔ ان کے علاوہ برطانیہ کے پہلے مسلم پارلیمنٹرین چوہدری محمد سرور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 خیبر پی کے ڈاکٹر شمس الحق سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ریسکیو سروس پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم ہو چکی ہے اب تحصیلوں میں بھی سروس کا آغاز ہونے جا رہا ہے سینیٹر سردار ذوالفقار خان کھوسہ نے کہا کہ ریسکیوز پاکستان کے وہ بہادر جوان ہیں جو خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہیں، انہوںنے کہا کہ جس طرح ریسکیوز نے 2010ءکے سیلاب اور دیگرکئی حادثات میںپیشہ وارانہ خدمات سرانجام دیں وہ قابل قدر ہیں۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سکاٹ لینڈ اور برطانیہ کی حکومتیں مستقبل میں بھی ریسکیورز کو تکنیکی معاونت اور اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرتی رہے گی۔ پاسنگ آﺅٹ کے موقع پر کیڈٹس نے آگ اور دھماکہ کے دوران زخمیوں کی ایمرجنسی مینجمنٹ کرنے کی فرضی مشق کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔