یو ایس ایڈ کیجانب سے پنجاب کے 250 ہونہار طلباءکیلئے وظائف کا اعلان

 لاہور (ثناءنیوز) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی )یو ایس ایڈ ( نے پنجاب میں حال ہی میں متعارف کروائے جانے والے شعبہ تعلیم کے چار سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام میں داخلہ لینے والے باصلاحیت طالب علموں کو وظائف دیئے ہیں۔ امریکی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں قائم مقام امریکی قونصل جنرل اور پنجاب کیلئے یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر جنرل جیفری بیکن نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ذہین طالب علموں کو دیکھ کر خوشی ہوئی جنہوں نے اپنے آپ کو تحصیل علم، درس و تدریس اور خدمت سے بھرپور زندگی گزارنے کیلئے وقف کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ نئے جامع ڈگری پروگراموں اور یوایس ایڈ کے وظائف سے ہمیں بہتر طور پر تربیت یافتہ اساتذہ میسر آئیں گے اور اس طرح ہزاروں پاکستانی لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم میں بہتری آئے گی۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ قادر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سکالرشپ پروگرام کیلئے وسائل فراہم کرنے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔