حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم کو ہمیشہ اولیت دی:مریم نواز

حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم کو ہمیشہ اولیت دی:مریم نواز

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوان طلبا ہمارا مستقبل ہیں اس لئے ضروری ہے کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ تعلیم میں بھی گہری دلچسپی لیں اور کارہائے نمایاں سرانجام دے کر ملک کا نام روشن کریں۔ وہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین کوپر روڈ لاہور کے سالانہ مینا بازار کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ ان اقوام نے ترقی کی زیادہ منازل طے کیں جس کے باصلاحیت نوجوان زیور تعلیم سے آراستہ تھے۔ انہوں نے کہا نصابی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی نہایت ضروری ہیں کیونکہ ان کے ذریعے طلبا کی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم کو ہمیشہ اولیت دی ہے اس کی تعلیم دوستی کا نمایاں ثبوت دانش سکولوں کا قیام اور دیگر تعلیمی منصوبے ہیں۔