حکومت پاکستان بنگلہ دیش میں مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے: آفتاب لودھی

لاہور (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان عوامی تحریک انقلاب پر وفیسر آفتاب لودھی نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے نہتے کارکنوں کے قتل عام پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عالمی اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس قتل عام کا نوٹس لیں۔ سابق مشرقی پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بنگلہ دیش کے پاکستان نواز معصوم عوام کے قتل عام کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کا ضمیر سویا ہوا ہے۔ کسی غیر مسلم کو ذرا سی ٹھیس پہنچتی ہے تو اس کا احتجاج اور مذمت دنیا بھر میں گونجتے ہیں لیکن مسلمانوں کے قتل عام پر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ پاکستان کو ان معصوم مشرقی پاکستانیوں کی قربانیاں فراموش نہیں کرنی چاہیں جنہوں نے بھارتی فوج اور ”را“ کی تربیت یافتہ ”مکتی باہنی“ کے خلاف نتائج سے بے پروا ہو کر جہاد کیا اور جس کی پاداش میں ان کو اور ان کے خاندانوں کو آج تک بے مثال ظلم اور بربریت کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ اگرچہ یہ کام حکومت پاکستان کو کرنا چاہیے تاہم وہ خود اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھیں گے کہ وہ معصوم بنگلہ دیشی عوام پر حکومتی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور مناسب کارروائی کریں۔