جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونےکا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے: حمزہ شہباز

جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونےکا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے: حمزہ شہباز


لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کا سب سے زیادہ کریڈٹ عوام کو جاتا ہے۔ یہ کسی جماعت کی نہیں بلکہ عوام کی جیت ہے۔ مختلف سیاسی رہنما اپنے ضمیر کی آوازپر اور ہماری پارٹی کی کارکردگی کو دیکھ کر ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں۔ ہم نے پانچ سال صبر شکر کے ساتھ اپوزیشن کی حیثیت سے گزارے مگر سسٹم کو ڈی ریل نہیں ہونے دیا۔ عوام حکمرانوں کی کرپشن، لوڈشیڈنگ، بم دھماکوں اور بےروزگاری کا 5 سالہ عذاب جھیل کر اب منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج گورنمنٹ فاطمہ جناح ڈگری کالج برائے خواتین چونا منڈی میں نو تعمیر شدہ گریجویٹ بلاک، کامرس بلاک،سائنس لیبارٹری اور کیفے ٹیریا کے افتتاح کے موقع پر طالبات سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل مسز شہناز کوثر اور ایم پی اے کرن ڈار بھی موجود تھیں۔