الیکشن کمشن نے پنجاب میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا

لاہور (فرخ سعید خواجہ) الیکشن کمشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف شکنجہ تیار کر لیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے تمام امیدواروں کو الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں خفیہ لسٹوں کی تیاری کا عمل شروع ہو گیا۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے اہم رہنماﺅں سمیت سینکڑوں امیدوار الیکشن لڑنے سے محروم ہو جائیں گے۔ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے متعلق صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کے قریب آنے پر پنجاب میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی جانب سے کی جانیوالی وال چاکنگ اور بڑے بیل بورڈ، فلیکس کی تنصیب پر الیکشن کمشن نے نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے اور فوری طور پر تمام وال چاکنگ اور بورڈز کو ختم کرنے کیلئے بھرپور کارروائی کرنے کیلئے کہا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں وال چاکنگ اور بڑے اشتہاری بورڈز کی تنصیب کا عمل جاری ہے جو الیکشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ اس خلاف ورزی کے متعلق بہت سی شکایات بھی موصول ہوئیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دوبارہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے نام خفیہ لسٹ میں شامل کئے جائیں۔