اعجاز منیر فیصل آباد، اسد اللہ خان بہاولپور، انو ر رشید ڈی جی خان کے کمشنر، شیر عالم سیکرٹری ماحولیات تعینات

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے متعدد سینئر افسروں کی سٹاف کالج کورس کے لئے نامزدگی کے بعد پنجاب حکومت نے ان خالی ہونے والی پوسٹوں پر تعیناتیاں کر دی ہیں۔ ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ سٹاف کالج کے لئے نامزد ہونے والے سینئر افسروں میں کمشنر ڈیرہ غازی خان طارق محمود، کمشنر فیصل آباد طاہر حسین، کمشنر لاہور جواد رفیق اور کمشنر بہاولپور محمد خان کھچی شامل ہیں جبکہ سیکرٹری انرجی جہانزیب خان، سیکرٹری امپلیمنٹیشن فواد حسن فواد، سیکرٹری خوراک عرفان علی، محمد مشتاق احمد اور آر پی او فیصل آباد آفتاب چیمہ کو بھی سٹاف کالج کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے خالی ہونے والی پوسٹوں پر جو تعیناتیاں کی ہیں ان میں اعجاز منیر کو کمشنر فیصل آباد، کیپٹن (ر) اسد اللہ خان کو کمشنر بہاولپور، سیکرٹری ماحولیات انور رشید کو کمشنر ڈیرہ غازی خان اور شیر عالم محسود کو سیکرٹری ماحولیات تعینات کر دیا گیا ہے۔