:85 سالہ پنشنرز کو ڈبل پنشن بغیر درخواست جاری کی جائے: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزارت خزانہ پنجاب کو پچاسی سالہ ریٹائرڈ بزرگ سرکاری ملازمین کو عدالتی حکم کے مطابق دوہری پینشن کی ادائیگی درخواستوں کی وصولی کےبغیر جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے اکاونٹنٹ جنرل پنجاب آفس میں نصب کمپیوٹرائزڈ نظام کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے سماعت کی۔ بزرگ پنشنرز کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محکمہ خزانہ پنجاب کے افسران دوہری پینشن کے عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کر رہے جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔ پیچیدہ طریقہ کار کی وجہ سے بزرگ پنشنرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اکاونٹنٹ جنرل پنجاب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ بزرگ پینشنرز کو ڈبل پینشن کی ادائیگی کے لئے طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پچاسی سال سے زائد عمر کے پینشنرز کو ادائیگی کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اسی سال سے پچاسی سال کے بزرگ ملازمین کو ایک سال میں ادائیگی کے لئے نو ارب روپے مختص کر دئیے گئے ہیں۔ عدالتی استفسار پر اکاونٹنٹ جنرل پنجاب کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اے جی آفس کا ستر فیصد نظام کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر نظام کمپیوٹرائزڈ ہے تو پھر بزرگ پینشنرز کی تصدیق کے لئے دوبارہ درخواستیں کیوں طلب کی جا رہی ہیں۔