پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا لیک ہو رہی ہے، الزام لگانے والوں کے پاس ثبوت نہیں: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا لیک ہونا شروع ہو گئی ہے‘ الزام لگانے والوں کے پاس حسب عادت کوئی ثبوت نہیں۔ گریٹر اقبال پارک میں 8 ویں سالانہ گل داؤدی کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا سیاسی جماعتوں کے لئے 2018ء میں عوامی عدالت لگے گی جس میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ ہو گا۔ عمران خان اپنے دائیں بائیں قرضہ معاف کرانے اور قبضہ گروپ یعنی جہانگیر ترین اور علیم خان کے علاوہ کے پی کے پر بھی غور کر لیں جہاں کے عوام ان کا شدت سے راستہ دیکھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ بلاول کو ان کے بیانات مبارک ہوں۔ ہم سیاست میں شرافت‘ رواداری اور باہمی احترام کے خواہاں ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کے لئے خدمات ہیں‘ سیاست میں ہر شخص غلط نہیں ہوتا مجھے انہی کے دور میں پہلی مرتبہ 6 ماہ جیل کاٹنا پڑی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوریت ہم سب سے میچورٹی کا تقاضا کرتی ہے اور انشاء اللہ 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری‘ سی پیک کے منصوبے اور گوادر پورٹ کا فنکشنل ہونا عوام کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہیں۔ قبل ازیں حمزہ شہباز نے پی ایچ اے کے زیراہتمام 100 اقسام پر مشتمل گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک اس علاقے اور شہر ہی نہیں پورے پاکستان کے لئے اپنی نوعیت کا خاص تحفہ ہے۔