پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دینے کیلئے سوشل میڈیا کے استعمال کا انکشاف

لاہور (آئی این پی) بھارت اور افغانستان سے سوشل میڈیااور 465  سے زائد ویب سائٹس کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کا انکشاف جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی پھیلانے والی ویب سائٹس چلانے والوں کو حراست میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر کالعدم تنظیموں نے پاکستانی نوجوان نسل کو دہشت گردی کی تربیت دینے اور ہمدردی حاصل کرنے کے لئے جعلی ناموں سے ویب سائٹس سمیت سوشل میڈیا کا استعمال شروع کررکھا ہے۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اس حوالے سے اپنی پالیسی مزید سخت کردی ہے۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں سوشل میڈیا کی مدد سے غیر قانونی اقدامات کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 59 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جنرل (ر) راحت لطیف اور جنرل (ر) فیض چشتی نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقتیں سازش کررہی ہیں جو جعلی اکائونٹس بنا کر دہشت گردی پھیلانے والے موا دکو سوشل میڈیا پر لاتی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ بعض رپورٹس و اطلاعات موصول ہونے کے بعد تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کہا گیا ہے کہ جعلی ویب سائٹس اور غیر قانونی مواد سوشل میڈیا پر لانیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔