نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ڈاکٹر مجید نظامی کی یاد میں تعزیتی ریفرنسوںکا سلسلہ کل سے شروع ہوگا

لاہور(خصوصی رپورٹر)نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظم میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن،ممتاز صحافی اور چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ جناب ڈاکٹر مجید نظامی کی یاد میں اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنسوں کا ایک سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد جناب ڈاکٹر مجید نظامی کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔اس سلسلے میں پہلا تعزیتی ریفرنس سوموار4اگست 2014ء کو گیارہ بجے صبح منعقد ہورہا ہے ۔اس تعزیتی ریفرنس کی صدارت کرنل (ر)جمشید احمد ترین کریں گے ۔مقررین میں ڈاکٹر جاوید اقبال،صدرپاکستان تحریک انصاف مخدوم جاوید ہاشمی،مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ و وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی جہانگیر بدر، مرکزی امیر جمعیت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر،صدر جمعیت علمائے پاکستان پیر اعجاز احمد ہاشمی،رہنما جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم اور مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ غلام دستگیر خان شامل ہیں۔اس تعزیتی ریفرنس کااہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔