حکومت کی جانب سے آرٹیکل 245 کا نفاذ نامناسب ہے: قاضی احمد سعید

لاہور(خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ  حکومت کا آرٹیکل 245 کا نفاذ مناسب نہیں کیونکہ ملک کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں بشمول سول سوسائٹی نے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی ہے۔ اسلام آباد کے حالات کوئٹہ اور پشاور سے تو بدتر نہیں تو پھر حکومت نے کس بنیاد پر آرٹیکل 245 کو یہاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی دارالحکومت کو سکیورٹی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں جس سے حکومت کی نااہلی بھی عیاں ہوتی ہے۔ حکومت نے یہ فیصلہ بوکھلاہٹ میں کیا ہے حالانکہ ایسے اہم فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں تاکہ تمام سیاسی جماعتیں اس کی ذمہ داری لیں اور انہیں لاگو کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔