کنٹونمنٹس بورڈز الیکشن، تحریک انصاف کے دھڑوں میں رسہ کشی پھر بڑھ گئی

لاہور(خواجہ فرخ سعید) تحریک انصاف کے مختلف دھڑوں کے درمیان رسہ کشی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے کنٹونمنٹس بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ضلعی صدور نے مقامی ارکان صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈروں کی مشاورت سے اپنے اپنے ضلع کے کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں بلدیاتی امیدواروں کے فیصلے کئے تھے۔ صوبائی سطح پر پارٹی کے ایک اہم لیڈر کے حوالے سے بعض نجی چینلز پر یہ خبریں جاری کی گئیں کہ پارٹی قیادت نے انہیں پنجاب میں امیدواروں کے ٹکٹ تقسیم کا اختیار دے دیا ہے، اس حوالے سے نوائے وقت نے جب بعض ضلعی صدور سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ پارٹی کا ایک دھڑا میڈیا وار کے ذریعے غلط فہمی پھیلانے کی کوشش کررہا ہے ان میں اگر ہمت ہے تو وہ سامنے آکر اعلان کریں کہ انہیں ٹکٹوں کی تقسیم کا اختیار کس نے دیا ہے؟ ایسا پراپیگنڈہ کرنے والوں سے پوچھا جائے کہ آیا یہ اختیار انہیں عمران خان نے دیا یا جہانگیر ترین نے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے چند ضلعی صدور نے بتایا کہ اپنے اضلاع کے کنٹونمنٹ بورڈ کے لئے انہوں نے بہت چھان پھٹک کر کے امیدوار چنے ان امیدواروں میں نوجوان سینئر سیاسی کارکن بھی ہیں اور زندگی کے نمایاں شعبوں سے متعلقہ افراد بھی۔ ضلعی صدور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے حامی پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لئے میدان عمل میں نکل چکے ہیں، میدان تحریک انصاف ہی کے ہاتھ میں رہے گا۔