شہباز شریف کا پرجوش خطاب بارش کے باوجود نشست پر بیٹھے رہے

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ’’خودروزگار سکیم‘‘ کی تقریب سے پرجوش انداز میں خطاب کیا۔ بارش کے باوجود وزیراعلیٰ شہباز شریف اور تمام حاضرین اپنی نشستوں پر بیٹھے رہے۔ وزیراعلیٰ تقریب میں شرکت کیلئے آئے تو حاضرین نے کھڑے ہوکر تالیاں بجاکران کا شاندار استقبال کیا۔ کلچرل کمپلیکس میں موجود 3 ہزار سے زائد افراد نے کھڑے ہوکر ’’خود روزگارسکیم‘‘ کی افادیت اور شفافیت کی گواہی دی اور ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ اپنی نشست سے کھڑے ہو گئے اور انہوں نے تالیاں بجاکر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ معروف کالم نگار و دانشور مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ شہباز شریف جیسا جنون، لگن اورعشق ایوان اقتدارکی بہت کم شخصیات میں موجود ہے اور بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے انہیں عوام کے مسائل کے حل کیلئے یہ دولت عطا کی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف، صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران نے کھڑے ہوکر بلاسود قرض حاصل کرنے والوںکو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں بلاسود قرض کی 100 فیصد واپسی پر قرض لینے والوں کو عظیم پاکستانی قرار دیا۔ قبل ازیں الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ کی تقریب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی آمد سے پہلے اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ایک نوجوان کو انتظامیہ نے قابو کر لیا اور اس سے پستول برآمد کیا تاہم جلد ہی معلوم ہو گیا کہ علی رضا نامی نوجوان پولیس اہلکار ہے جس کے بعد لوگ اپنی اپنی جگہ اطمینان سے بیٹھ گئے۔ مزید براں نائب صدر عالمی بینک انیٹے ڈیکسن نے گزشتہ سات برس کے دوران صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے شاندار فلاحی منصوبوں کے اجراء پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی غیر معمولی قیادت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ 20، 20 گھنٹے کام کرکے شہباز شریف نے عوامی خدمت کے نئے باب رقم کئے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب حکومت نے حوصلہ افزا نتائج دیئے ہیں اور گڈگورننس کے حوالے سے اہداف کے حصول کیلئے ان کے اقدامات بہت شاندار ہیں۔ صوبے میں معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی اور اچھی طرز حکمرانی کے قیام کی جانب وزیراعلیٰ شہباز شریف کا وژن ایک خاص اہمیت کا حامل ہے اور مجھے خوشی ہے، ہم مستقبل میں بھی پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ شہبازشریف نے عوام کی خدمت کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔